غلطی سے پاکستانی حدود میں داخل ہونیوالے بھارتی فوجی کو واپس بھیج دیا گیا
لاہور ( ویب ڈیسک ) پاکستانی سرحد میں غلطی سے داخل ہونے والے بھارتی فوجی کو پاکستان رینجرز نے واپس بھیج دیا۔
نجی ٹی وی " ایکسپریس نیوز" نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ بی ایس ایف انڈیا کا جوان بدھ کی صبح ہیڈ سلیمانکی کے علاقے میں پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا جسے پاکستان رینجرز نے گرفتار کرلیا۔
بی ایس ایف پنجاب کا اہلکار عالمی سرحد پر پٹرولنگ کرتا ہوا دیگر ساتھیوں سے بچھڑ گیا اور دھند کے باعث سمت کا تعین نہ کرتے ہوئے پاکستانی سرحد میں داخل ہو گیا جسے پاکستانی رینجرز نے گرفتار کرلیا ، واقعے کے بعد پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے مقامی کمانڈرز کی فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں بی ایس ایف حکام نے غلطی تسلیم کی کہ ان کا جوان رائفل سمیت پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا۔
پاکستان نے خیر سگالی کے طور پر آج بھارتی اہلکارو کو بی ایس ایف کے حوالے کر دیا ۔ ایک ہفتے کے دوران اسی سیکٹر میں بھارتی اہلکار کے پاکستانی حدودمیں داخل ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان رینجرز نے ابھی تک سرکاری طور پر اس واقعے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ۔