اسمبلیاں ہر صورت دسمبر میں ہی تحلیل ہوں گی ، فواد چودھری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اسمبلیاں ہر صورت دسمبر میں ہی تحلیل ہوں گی، ہم میں اس حوالے سے اتفاق رائے ہے ، اگر مسلم لیگ (ق) نے پی ٹی آئی کے ساتھ رہنا ہے تو اسمبلیاں توڑنا پڑیں گی ۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز "کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان جو بھی فیصلے کریں گے وہ مونس الٰہی کو قبول کرنا ہوگا،اسٹیبلشمنٹ نے نواز شریف ، زرداری اور فضل الرحمان کی سیاسی لاشوں کا بوجھ اٹھایا ہے ، ہم دیکھتے ہیں وہ کس قدر جلد ان سے نجات حاصل کرتے ہیں، اگر اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے کو طول دیں گے تو حالات مزید خراب ہوں گے ۔ یہاں تو عمران خان کی ایف آئی آر درج نہیں ہورہی ، عام لوگوں کا کیا ہوگا ، ہم نے الیکشن کمیشن کے خلاف متعدد کیسز فائل کئے ہیں جن کی سماعت نہیں ہو رہی ، شہباز گل اور اعظم سواتی سے متعلق عدالتوں کو آزاد فیصلے کرنے چاہئیں ۔