سری لنکا نے انگلینڈ کو شکست دے کر انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
ڈھاکہ (اے پی پی) سری لنکا نے انگلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ سری لنکا انڈر 19 نے 185 رنز کا ہدف 36 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوشکا فرنینڈو کو 95 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ انڈر 19 پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 184 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کلم ٹیلر 42 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ وندو ڈی سلوا نے تین اور اسیتھا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکا انڈر 19 نے ہدف 35.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوشکا فرنینڈو نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 95 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان چریتھ اسالانکا 34 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ اوشکا فرنینڈو کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 13ویں پوزیشن کے پلے آف سیمی فائنل میں آئرلینڈ نے کینیڈا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کینیڈا انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 139 رنز بنائے، ارسلان خان 47 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ روری اینڈرز نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آئرش یوتھ ٹیم نے ہدف 34.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان جیک ٹیکٹر اور سٹیفن دھونی نے 33 ، 33 جبکہ گیری میک کلنٹوک نے ناٹ آؤٹ 31 رنز بنائے۔