یو اے ای میں پی ایس ایل جوئے سے کم نہیں ،ایونٹ کی کامیابی کیلئے دعاہی کرسکتے ہیں ،عامر سہیل

یو اے ای میں پی ایس ایل جوئے سے کم نہیں ،ایونٹ کی کامیابی کیلئے دعاہی کرسکتے ...

شارجہ(آن لائن )سابق قومی کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ پی سی بی نے یو اے ای میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کر کے جوا کھیلا ہے اور وہ محض امید ہی کر سکتے ہیں کہ یہ ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگا جبکہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں محض چوکے اور چھکے لگانے کی ذہنیت سے کامیابی نہیں مل سکتی۔سابق اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کرانے کا فیصلہ کر کے کم و بیش جوا کھیلا ہے جہاں لوگ انٹرنیشنل ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز دیکھنے آتے ہیں اور ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ روزگار کی تلاش کیلئے اس خطے میں آنے والوں کو متوجہ کرنے کیلئے میدانوں میں انتہائی پرجوش کرکٹ کھیلنا ہو گی ورنہ وہ ویک اینڈ کے سوا میچز دیکھنے نہیں آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ایک بڑا خطرہ مول لیا ہے تاہم امید ہے کہ یہ ایونٹ کامیاب ثابت ہوگا۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی کے بارے میں عامر سہیل کا کہنا تھا کہ بھارت واحد ٹیم ہے جو اپنی کنڈیشنز میں ٹائٹل جیت سکتی ہے کیونکہ وہ اچھی کارکردگی بھی دکھا رہی ہے جبکہ اس کے پاس ذرائع بھی ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی