دھان، کماد، مکئی اور کپاس پنجاب کی اہم فصلیں ہیں ٗمحکمہ زراعت پنجاب
راولپنڈی(این این آئی)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ دھان، کماد، مکئی اور کپاس پنجاب کے آبپاش علاقوں میں کاشت ہونے والی اہم فصلیں ہیں۔ ان اہم فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے اچھے بیجوں، کیمیائی کھادوں اور دیگر زرعی عوامل کے بہتر استعمال کے ساتھ ساتھ ان فصلوں کو نقصان رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے حملہ سے بچانا بھی ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق اس وقت ہمارے کھیتوں میں کماد، دھان کپاس، مکئی اور چری کے مڈھ موجود ہیں۔ سردیوں میں تنے، جڑ اور گرداسپوری گڑوویں کی سنڈیاں کماد کے مڈھوں میں سرمائی نیند سو کر گزارتی ہیں۔ اگر زمین سے برابر سطح پر کماد کی کٹائی کی جائے تو کافی حد تک مڈھوں میں موجود سنڈیاں تلف ہو جائیں گی۔