پی آئی اے کا بحران خطرے کا نشان ہے، صاحبزادہ حامد رضا

پی آئی اے کا بحران خطرے کا نشان ہے، صاحبزادہ حامد رضا

لاہور(خبر نگار خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا بحران خطرے کا نشان اور قومی نقصان ہے۔ن لیگ پہلے قومی ادارے تباہ کرتی ہے اور پھر اپنے پارٹنرز کے ذریعے انہیں خرید لیتی ہے۔بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔افغانستان تحریک طالبان پاکستان کا پناہ گاہ بن گیا ہے اوربھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے انہیں استعمال کررہی ہیں۔ سیاسی بھرتیوں نے پی آئی اے کا بیڑا غرق کیا ہے۔حکومت نجکاری کے بجائے پی آئی اے کو ٹھیک کرے۔حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام کی جمہوریت سے مایوسی بڑھتی جارہی ہے۔حکمرانوں نے ملکی خود مختاری کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کا بحران سنگین ہو گیا ہے۔حکومت لوگوں کو بے روزگارکرکے دہشتگردی کی راہ نہ دکھائے۔مذاکرات کی یکطرفہ خواہش کے بجائے بھارت پر عالمی دباؤ بڑھانا ہی بہترین حکمت عملی ہے۔سیاست کو تجارت بنانے والوں کو سیاست بدر کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ حکمران اپنے اور اپنے خاندان کے اثاثے پاکستان منتقل کریں۔ بھارت نے اقوام متحد ہ کی قراردادوں کو بھی اہمیت نہیں دی۔ حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے دہشتگردی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1