’’صنم تیری قسم‘‘کے بعد مزید بالی ووڈ پراجیکٹس کرری ہوں،ماورا حسین
لاہور(فلم رپورٹر)ٹی وی کی معروف ماڈل و اداکارہ ماورہ حسین نے کہا ہے کہ فلم’’صنم تیری قسم‘‘کے بعد بالی ووڈ کے مزید پراجیکٹس کررہی ہوں لیکن فی الحال ان کی تفصیل نہیں بتا سکتی ۔وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں ۔ماورا حسین نے کہا کہ ٹی وی اور فلم دونوں علیحدہ میڈیم ہیں ان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا’’صنم تیری قسم ‘‘سے قبل میں نے صرف ڈراموں میں کام کیا تھا اور پاکستانی ڈراموں کی وجہ سے ہی میں بالی ووڈ تک پہنچی ہوں ہمارے ٹی وی ڈرامے پوری دنیا میں دیکھے اور پسند کئے جاتے ہیں اور اسی طرح بالی ووڈ کی فلمیں بھی پوری دنیا میں پسند کی جاتی ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ماورا حسین نے بتایا کہ بھارتی فلم میکرز اور پاکستانی ڈرامہ میکرز دونوں ہی پروفیشنل ہیں اور وہ اپنے کام کو بہت اچھی طریقے سے کرتے ہیں۔بھارت میں بڑے پرسکون انداز میں کام کیا مجھے کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی اور نہ ہی کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔
وطن واپسی کے بعد مجھے بہت ساری فلموں اور ڈراموں میں کام کی آفرز ہوئی ہیں میں ان میں سے جو بہتر پراجیکٹ ہوگا اس میں کام کروں گی فلم کے حوالے سے صرف اتنا کہوں گی میں اس پاکستانی فلم میں کام کروں گی جس کی کہانی اور ڈائریکٹر اچھا ہوگا ۔اس موقع پر پروڈیوسرراشد خواجہ اور ڈائریکٹر شہزاد رفیق بھی موجود تھے۔