آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ،گورنرپنجاب

آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ،گورنرپنجاب

راولپنڈی(اے این این )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت وکلاء کو دانشمند طبقہ ہونے کے ناطے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی اور استحکام کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور ملک کی مجموعی معیشت بحالی کے بعد دن بدن مضبوط تر ہو رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر سید محمد طیب ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے اسلام آباد بار کے عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔وفد میں ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن اسلام آباد کے نائب صدر قاضی رفیق الدین بابر، ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری محمد ظفر کھوکھر ایڈووکیٹ، دیگر عہدیداران جاوید سلیم شورش، راجہ انصر عباس، شاہد حسین، چوہدری محمد شفقات ،اورشعیب شاہین شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء اپنی صلاحیتوں اور قابلیت میں اضافہ کر کے آگے بڑھیں اور عوام کو انصاف کا حصول یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی شاندار کامیابیوں کے نتیجے میں امن و استحکام کو فروغ حاصل ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مختلف چیلنجوں کے باوجود حکومت عوام کی ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کروا رہی ہے اور ملک ترقی اور خوشحالی کی سمت پر ڈال دیا گیا ہے ۔گورنر نے پاکستان بار کونسل کی طرف سے لاء گریجویشن کا دورانیہ تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اس سے وکلاء کی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا انہوں وکلاء وفد کودرپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔اس موقع پرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر سید محمد طیب ایڈووکیٹ اور دیگر عہدیداروں نے ملاقات میں نوجوان وکلاء اور ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔

مزید : علاقائی