کرپشن کے خاتمے اور آئندہ نسلوں کی سوچ میں تبدیلی کیلئے خواتین کا کردار کلیدی ہے:قمر زمان چودھری

کرپشن کے خاتمے اور آئندہ نسلوں کی سوچ میں تبدیلی کیلئے خواتین کا کردار کلیدی ...

اسلام آباد (آئی این پی ) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور آنے والی نسلوں کی سوچ میں تبدیلی لانے کیلئے خواتین کا کردار کلیدی ہے ۔وہ اتوار کو یہاں نیب اور ایچ ای سی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخطوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ نیب اور ہایئرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملک بھرمیں کرپشن کی روک تھام اور آگاہی مہم کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے اس مہم کا مقصد معاشرے میں کرپشن کی سوچ اور رویے میں تبدیلی لانے کیلئے کوششیں کرنا ہے ۔ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کے رویے اور ان کی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی ہوتا ہے ، اس آگاہی مہم کا مقصد یونیورسٹیوں اورکالجوں میں موجود نوجوان خواتین جو کہ مستقبل میں ہمارے بچوں کی مائیں ہیں ان کو کرپشن کے خاتمے اوراس کی روک تھام کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان خواتین کی مخلصانہ کوششوں سے کرپشن کے خلاف بنیادی اخلاقی اقدارکی نشوونما کی جاسکتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیمات آنے والی نسلوں کے تصورات اور سوچ میں تبدیلی لانے کیلئے طویل عرصے تک نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے وزارت کیڈ حکومت پاکستان اور ہایئرایجوکیشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ معروف خواتین دانشوروں پرمشتمل ایک پینل تشکیل دیا جائے جو معاشرے سے کرپشن کی لعنت کے خاتمے کیلئے نیب کے ذریعہ ملک بھرمیں ان خیالات اور تصورات پرعملدرآمد کرسکے۔

مزید : علاقائی