سانحہ پی آئی اے، نیشنل لیبر فیڈریشن 10فروری کو یوم سیاہ منائے گی

سانحہ پی آئی اے، نیشنل لیبر فیڈریشن 10فروری کو یوم سیاہ منائے گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن نے حکومت کی جانب سے نجکاری کے خلاف ہٹ دھرمی اور پی آئی اے کے پرامن احتجاجی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ اور تین ملازمین کی ہلاکتوں کے خلاف 10فروری بروز بدھ ملک بھر میں ’’یوم سیاہ‘‘ منائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر رانا محمود علی خان اور جنرل سیکریٹری حافظ سلمان بٹ نے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے قومی ادارہ ہے اور دنیا بھر میں ہماری شناخت اور پہچان ہے۔ حکمراں جان بوجھ کر قومی ادارے کو نجکاری کی بھینٹ چڑھاکر تباہ وبرباد کرنا چاہتے ہیں۔ پی آئی اے کے ملازمین پر امن طریقے کے اپنے حق کیلئے احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت نے طاقت کا استعمال کرکے ظلم اور بربریت کی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پی آئی اے کے محنت کشوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ 10 فروری کو ملک گیر یوم سیاہ منایا جائے گا۔ اور آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے اشاروں پر ہونے والی نجکاری اور پی آئی اے کے مظلوم محنت کشوں کے قتل عام کے خلاف پوری قوت کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول