بلوچستان ،سکیورٹی اداروں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد ہلاک ،40مشتبہ افراد گرفتار
کوئٹہ(اے این این)بلوچستان میں حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیوں میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، 40مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ڈیرہ بگٹی بڑی تباہی سے بچ گیا،30کلوگرام وزانی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق اتوار کے روز کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 39 افراد کو گرفتاربھی کیا گیا ہے جن کے قبضے سے گولہ بارود‘دھماکہ خیز مواد‘پسٹل اور ایس ایم جی سمیت دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ۔ اسی طرح تربت میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے جہاں پر ان سے مزید کارروائی جاری ہے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑی پیمانے پر تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا کر موقع سے30کلو گرام بم کو ناکارہ بنادیا ۔بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق اگر یہ بم پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی تھی