وزیر اعظم پی آئی اے کو من پسند افراد کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، نجمی عالم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، ندیم بھٹو ، لطیف مغل اور منظور عباس نے کہا ہے کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو اپنے بیرونی آقاؤں کی خوشنودی اور اپنے خزانے میں اضافے کے مشترکہ ایجنڈے پر کام کرتے ہیں اور اس مکروہ عزائم کی تکمیل کیلئے پاکستان کے اثاثے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے اونے پونے داموں خرید لیتے ہیں ان کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ غریب محنت کش کس طرح اپنے بیوی بچوں کے پیٹ پالیں گے اور نہ ہی یہ احساس ہوتا ہے کہ مستقبل کے معمار اپنی تعلیم کو ادھوری چھوڑ کر معاشی مسائل کے حل کیلئے تگ ودو شروع کریں گے جس کی حالیہ مثال پی آئی اے جو اپنے مند پسند افراد کو دینا چاہتے ہیں اور نیو یارک میں عظیم الشان روز ویٹ ہوٹل ہتیا نا چاہتے ہیں جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کھرب ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ان رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز یونٹی آف پی آئی اے کے صدر ہدایت اللہ خان، سینئر نائب صدر ضمیر حسین چانڈیو، منصور ڈہلو اور سرفراز لاریک کو فوری غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے اورکل پی آئی اے کے محنت کش کل بروز پیر دوپہر 12بجے پی آئی اے ہیڈ آفس سے جناح ٹرمینل تک ان رہنماؤں کی بازیابی اور پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ریلی نکالیں گے اور پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن پی آئی اے کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔