کون کون دفتر تاخیر سے پہنچا؟ وٹس ایپ راز کھول دے گی
چنائی (مانیٹرنگ ڈیسک) بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ گورنمنٹ ہسپتالوں اور دفاتر کے ملازمین اپنے مقررہ وقت پر ڈیوٹی پر پہنچ جائیں اسی لئے چنائی کی اربن پرائمری ہیلتھ کارپوریشن نے اس مسئلے کا انوکھا حل دریافت کیا ہے جس کے تحت تمام سٹاف ممبرز کو مقررہ وقت پر ڈیوٹی پر پہنچ کر اپنی تصاویر اور حاضری کی تفصیلات واٹس ایپ گروپ میں اپ لوڈ کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اربن پرائمری ہیلتھ سینٹرز نے اپنے ملازمین کی ڈیوٹی پر بروقت حاضری کو یقینی بنانے کیلئے واٹس ایپ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ تمام زونل ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل آفیسرز صبح 8 بجے سے ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان کم از کم 2 ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور اس وقت تک حاضر ملازمین کی تصویر ان کی حاضری کی تفصیلات واٹس ایپ گروپ میں شیئر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عوام کی جانب سے ملازمین کے دیر سے پہنچنے کی شکایات پر لیا گیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بہت سے ڈاکٹرز، نرسیں،فارماسسٹس اور ٹیکنیشن دیر سے ڈیوٹی پر پہنچتے اور پھر مقررہ وقت سے پہلے چلے جاتے ہیں۔ چنائی میں تقریباً 140 پرائمری ہیلتھ مراکز ہیں جو صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کام کرتے ہیں اور ہر سینٹر میں روزانہ تقریباً 150 کے قریب مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
کارپوریشن کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ ” ہم نے پرائمری ہیلتھ سینٹرز کے ملازمین کی بروقت ڈیوٹی پر حاضری کو یقینی بنانے کیلئے واٹس ایپ پر ایک گروپ بنایا ہے اور ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح سویرے مختلف سینٹرز کا دورہ کر کے تصدیق کریں گے کہ آیا ملازمین وقت پر پہنچے یا نہیں“۔