لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں پر بھاری پڑنے لگا، ایک اور نوجوان کرین سے گرنے والے پتھر سے جاں بحق، طالبہ شدید زخمی

لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں پر بھاری پڑنے لگا، ایک اور نوجوان کرین ...
لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں پر بھاری پڑنے لگا، ایک اور نوجوان کرین سے گرنے والے پتھر سے جاں بحق، طالبہ شدید زخمی

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ شہریوں پر بھاری ثابت ہونے لگا ہے ۔ یہ منصوبہ پہلے ہی کئی جانیں لے جا چکا ہے اب ایک طالبہ بھی اس منصوبے کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے شالامار چوک میں ایک نوجوان کرین کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 25سالہ شریف اس منصوبے میں مزدوری کر رہا تھا ۔اس کا تعلق سندھ سے تھا وہ کرین ڈرائیور کو گائیڈ کر رہا تھا کہ ایک پتھر کرین سے نکل کر اس پر گر گیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ داروغہ والا میں نویں جماعت کی طالبہ سویرا اس منصوبے کیلئے کام کرنے والی کرین کی زد میں آگئی جس سے اس کا پاوں ٹوٹ گیا جبکہ اس کے سر پر بھی شدید چوٹ لگی ۔ اس کو فوری طور پر جنرل ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔پولیس نے کرین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اس منصوبے پر کام کرنے والے کئی مزدور بھی اپنی جانوں سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ کئی شہری اس منصوبے کیلئے کھودے گئے گڑھوں میں گر گر جاں بحق یا زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف یہ منصوبہ لوگوں کو بیروزگار اور بے گھر کررہا ہے اور شہر میں اس منصوبے کیخلاف احتجاج جاری ہے۔

مزید : قومی