سی این جی اسٹیشنز کے لیے یکساں ریفنڈ پالیسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او)نے ایف بی آ) کو ملک بھر کے تمام سی این جی اسٹیشنز کے لیے یکساں ریفنڈ پالیسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو لیٹر لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی این این جی اسٹیشنز پر عائد 4فیصد ٹیکس حتمی ٹیکس ہے اور سی این جی اسٹیشنز کی طرف سے فائنل ٹیکس رجیم کے تحت ادا کردہ یہ 4 فیصد ٹیکس قابل ایڈجسٹ نہیں ہے البتہ اس 4 فیصد کے علاوہ سی این جی اسٹیشنز کی طرف سے جو بھی کوئی دوسرا ٹیکس ادا کیا جارہا ہے وہ قابل ایڈجسٹ بھی ہے اور قابل ریفنڈ بھی۔وفاقی ٹیکس محتسب کی طرف سے لکھے جانے والے لیٹر میں سی این جی سیکٹر کے لیے ریفنڈز کے معاملے پر تفصیلی بیک گراؤنڈ بھی فراہم کیا گیا ہے جس میں سی این جی سیکٹر کی جانب سے لاہور اور پشاور کی ہائی کورٹس میں دائر مقدمات کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ اس سے پہلے بھی سی این جی سیکٹر کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف شکایات کے کیسوں میں فیڈرل بورڈ آف ریونیوکو سی این جی سیکٹر کے لیے یکساں پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی مگر ابھی تک ایف بی آر کی طرف سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے۔