نشے میں ڈرائیونگ کرنے والے کو سزا کے طور پر جسٹن بیئبر کا ڈانس دیکھنا پڑے گا،پولیس

نشے میں ڈرائیونگ کرنے والے کو سزا کے طور پر جسٹن بیئبر کا ڈانس دیکھنا پڑے ...

واشنگٹن (اے این این)امریکی ریاست مینیسوٹا میں پولیس نے شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے تو انھیں سزا کے طور پر جسٹن بیئبر کا ڈانس دکھایا جائے گا۔ریاست مینیسوٹا کے شہر وائیومنگ میں پولیس نے اتوار کو ٹویٹ کیا ہے کہ شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کو جیل تک بیئبر کا سپر بال اشتہار دیکھنا پڑے گا۔خیال رہے کہ ایک موبائل فون کے اشتہار میں ٹیکسیڈو سوٹ میں ملبوس پاپ سٹار جسٹن بیئبر کو ڈانس کرتے دکھایا گیا تھا۔تاہم اتوار کی شب نشے کی حالت میں ڈرائیونگ پر کوئی بھی گرفتاری نہ ہوئی۔اس ٹویٹ پر ٹوئٹر صارفین نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار طنز و مزاح میں کیا اور یہ ٹویٹ دس ہزار سے زائد بار ری ٹویٹ کیا گیا۔

وائیومنگ پولیس کے سربراہ پال ہوپ نے پانیئر پریس کو بتایا کہ اس ٹویٹ کی وجہ سے سپر بال کے دوران شراب نوشی سے متعلق عوامی آگہی کا پیغام پھیلانے میں مدد ملی۔پال ہوپ نے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے لوگ واقعی رک گئے اور انھوں نے یہ پیغام پڑھا۔سپربال میچ میں نیو انگلینڈ پیٹریاٹس نے 28-34 کے سکور سے تاریخی کامیابی حاصل کی جس کے بعد ویؤمنگ پولیس نے ایک اور مزاحیہ پیغام جاری کیا کہ کس طرح بہت سے امریکی پیٹریاٹس سے نفرت کرنا پسند کرتے ہیں۔

مزید : کلچر


loading...