حافظ سعید کی نظر بندی کیخلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار

حافظ سعید کی نظر بندی کیخلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس ارم سجاد گل نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کر دی ۔یہ درخواست سرفراز حسین ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی تھی جس پرعدالت عالیہ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے ،جسٹس ارم سجاد گل نے اس درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت کی اور درخواست کو ناقابل پذیرائی قرار دے کر مسترد کردیا۔مختلف مقدمات میں حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر نے صحافیوں کو بتایا کہ حافظ سعید اپنے نظر بندی کے خلاف خود درخواست دائر کریں گے ،درخواست گزار سرفراز حسین ایڈووکیٹ کا موقف تھا کہ وزارت داخلہ پنجاب نے کسی قانونی جواز کے بغیر حافظ سعید کو نظر بند کیا،نظر بندی سے قبل حافظ سعید کے خلاف شواہد بھی نہیں دئیے گئے جو کہ آئین کے آرٹیکل 10(اے )کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ حافظ سعید کو اقوام متحدہ کی قرار داد کو جواز بنا کر نظر بند کیا گیاجبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہیں امریکہ اور بھارت کے دباؤ پر نظر بند کیا گیاہے ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...