جعلی نوٹسز کے ذریعے گیس صارفین کو بلیک میل کرنیوالے گروہ کا انکشاف

جعلی نوٹسز کے ذریعے گیس صارفین کو بلیک میل کرنیوالے گروہ کا انکشاف

لاہور(جنرل رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی میں جعلی نوٹسز کے ذریعے صارفین کو بلیک میل کرنیوالے گروہ کا انکشاف ہوا، گروہ نے شہر میں متعدد صارفین کو جعلی نوٹسز ارسال کر دیئے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے صارفین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاہم ریڈنگ سیکشن کی انسپکشن ٹیم کے نام سے ایک گروہ سرگرم ہو گیا ہے جو صارفین کو جعلی لیٹر بھجوا کر بلیک میل کرنے میں مصروف ہے، گروہ نے سینکڑوں صارفین کو نوٹس بھجوائے ہیں۔جس میں لکھا گیا ہے کہ ان کو زیادہ بل بھیجا جائے گا اس لئے نوٹس پر درج موبائل نمبر پر فوری رابطہ کریں، نوٹسز کو جعلی مہریں اور دستخط کر کے تیار کیا گیا ہے جبکہ ایس این جی پی ایل کے نام پر تیار ہونے والے لیٹر ہیڈ میں بھی املاء کی غلطیاں پائی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے کسٹمر سروسز سنٹرز میں نوٹسز کے حوالے سے شکایات آ رہی ہیں۔سوئی ناردرن گیس کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کی طرف سے صارفین کو اس قسم کے کوئی نوٹسز نہیں بھیجے گئے، سوئی ناردن گیس کمپنی نے نوٹس کو جعلی قرار دے دیا۔

انکشاف

مزید : صفحہ آخر


loading...