تاجر تنظیمیں تقسیم ہونے سے ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت دیگر مسائل حل نہ ہو سکے

تاجر تنظیمیں تقسیم ہونے سے ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت دیگر مسائل حل نہ ہو سکے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اسد اقبال)تاجروں، صنعتکاروں کی متعددتنظیموں کے باعث کاروباری برادری مختلف گروپوں میں بٹ کر رہ گئی ہے اور قوت منقسم ہونے کے پیش نظر تاجروں کو مسائل کے انبار کا سامنا ہے جبکہ جائز مطالبات کے حل اور ناجائز ہتھکنڈوں کی نہ کوئی تدبیر دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی آواز پہنچا نے کا کوئی ذریعہ ہے جس کے پیش نظر حکومت اور اداروں کی سطح پر بھی تاجر طبقہ اپنی طاقت کھو بیٹھا ہے ۔واضح رہے کہ قیام پاکستان کے بعد لاہور او ر کراچی کے بڑے کاروباری افراد نے مشتر کہ طورپر انجمن تاجران کی بنیاد رکھی اور ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر تاجروں کے مسائل حل ہو نا شروع ہوئے تاہم 2000کے مارشل لاء کے بعد انجمن تاجران کو پس پشت ڈالنے کے لیے قومی تاجر اتحاد کی بنیاد رکھی گئی جس کی باگ ڈور معروف تاجر رہنماء عرفان اقبال شیخ کے سپرد کی گئی جنہوں نے مشرف دور میں تاجروں کے مسائل کوحل کروانے میں کلید ی کردار ادا کیابعدازاں سیاسی جماعتوں نے بھی تاجر ونگ بنانے شروع کر دیے اور اس طر ح مسلم لیگ ن ٹر یڈرز ونگ ، پیپلز ٹریڈرز تاجر اتحاد ، انصاف ٹریڈرز ونگ سمیت مسلم تاجر اتحاد و چھوٹی تاجر تنظیمیں بنائی گئیں جس کے باعث تاجر تقسیم ہو ئے اور ایک پلیٹ فارم پر متحد نہ ہونے کے پیش نظر تاجر برادری اپنی طاقت کھو بیٹھی اور آج کئی ایک احتجاجی مظاہروں ، ہڑتالوں اور حکومت کے ساتھ مذاکرات ہونے کے باوجود ود ہولڈنگ ٹیکس کا شکنجہ تاجروں کے گلے میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ ایمنسٹی سکیم متعارف کروا کر تاجروں کو مکمل بے وقو ف بنا دیا گیا ۔دوسری جانب ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد تاجر برادری نے بنکوں سے لین دین میں کمی کر تے ہوئے دیگر ذرائع سے رقوم کا تبادلہ کر رہے ہیں ۔اسی تناظر میں اسٹیٹ بنک نے بھی بیان جاری کیا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے بعد ملک کے پرائیویٹ بنک دیوالیہ ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔واضح رہے کہ لاہور کو اس حوالے سے اہمیت حاصل ہے کہ ملک بھر کی پنجاب اور وفاق کی سطح پر تاجر تنطیموں کی رہنمائی کر نے والے تاجروں کا تعلق لاہور سے ہے اور لاہور سے ہی ملک بھر کے شہروں کے تاجر رہنماؤں کو مانیٹر کیا جاتا ہے ۔ملک بھر کی تاجر برادری اس وقت کئی حصوں میں تقسیم ہے انجمن تاجران پاکستان کے تین گروپ اس وقت تاجر طبقہ کی نمائندگی کر رہی ہیں جن میں آل پاکستان انجمن تاجران (خالد پرویز گروپ)،انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ)اور آل پاکستان انجمن تاجران (نعیم میر گروپ)شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انجمن تاجران کے کئی گروپ بننے کی وجہ یہ ہے کہ جس کسی تاجر رہنماء کو انجمن تاجران پاکستان کے بانی و رہنماء حاجی مقصو د بٹ کی وفات کے بعدتاجر رہنماء مرکزی صدارت کی خواہش پوری نہ ہو نے پر گروپ بندی کو تر جیح دیتے ہوئے خود صدارت کی کرسی پر براجمان ہے واضح رہے کہ حاجی مقصو د احمد بٹ کی وفات کے بعد آج تک آل پاکستان انجمن تاجران کے انتخابات نہیں ہوئے ۔

مزید :

صفحہ آخر -