چیف سیکریٹری کی سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کیلئے آخری وارننگ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری سندھ محمدرضوان نے کہاہے کہ سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والے سابق کابینہ ارکان کے خلاف مقدمہ درج کیاجائیگا۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری سیکرٹریٹ سابق کابینہ ارکان سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے میں ناکام ہوگئے ہیں،انہوں نے گاڑیوں کی وصولی کی سمری وزیراعلی سندھ کوبھیج دی ہے۔جس میں انہوں نے کہاہے کہ سابق کابینہ ارکان گاڑیاں واپس نہیں کررہے ہیں۔اگر گاڑیاں واپس نہ کی گئیں تو سرکار کی مدعیت میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔یاد رہیکہ گزشتہ سال نومبر میں سندھ کابینہ نے وزیراعلی سندھ کوسندھ حکومت کے 300 بنگلوں،فلیٹس اور کوارٹرز پر سابق افسران اور سیاسی شخصیات کے قبضے سے آگاہ کیاتھا۔وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان بنگلوں کوخالی کروانے کے اقدامات کریں۔وزیراعلی سندھ نے کابینہ کے وزرا کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیاں نہ چلائیں ورنہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اس کے علاوہ179 پرانی گاڑیوں کی نیلامی کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔