بنوں ، تھانے پر خودکش حملہ ، بمبار ہلاک ، 2اہلکارزخمی

بنوں ، تھانے پر خودکش حملہ ، بمبار ہلاک ، 2اہلکارزخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بنوں(آن لائن)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ک منڈان تھانے سے ٹکرا دی ،جس سے حملہ آور ہلاک اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔دھماکے کے نتیجے میں تھانے کی عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ڈپٹی پولیس آفیسر ( ڈی پی او) بنوں فضل حامد کے مطابق ملزم نے بارود سے بھری گاڑی تھانے کے گیٹ سے ٹکرادی، جس وجہ سے حملہ آور ہلاک جب کہ 2 اہلکار مدثر اور علم دار زخمی ہوگئے۔ڈی پی او کے مطابق خود کش حملہ آور کی عمر 21 سال کے لگ بھگ تھی۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ اس کی شدت سے تھانے کے اطراف میں قائم مکانات کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے میں دوسو بیس کلو بارودی مواد استعمال کیاگیا۔دھماکے کے باعث تھانے کے گیٹ پر مامور 2 اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور نے تھانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی،جبکہ دھماکے سے تھانے کا گیٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی، جبکہ دھماکے کے فوری بعد کچھ دیر تک وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، تاہم کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ادھر ڈی پی او نے ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بنوں میں دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، تاہم آخری چند ماہ میں خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں کی طرح بنوں میں بھی قدرے امن ہوا ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں بھی بنوں میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جنوری 2014 میں بھی ایک فوجی کمپاؤنڈ کے اندر طاقت ور بم دھماکے میں بیس سیکورٹی اہلکار جا ں بحق جبکہ تیس زخمی ہو گئے۔مئی 2014 میں بھی پولیس موبائل کے قریب دھماکہ کیا گیا تھا، جس میں کم از کم 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔