انسانیت کے بے لوث خدمت کرنیوالے طبی ماہرین کی پوری دنیا معترف ہے : ڈاکٹر امجد زیدی

انسانیت کے بے لوث خدمت کرنیوالے طبی ماہرین کی پوری دنیا معترف ہے : ڈاکٹر امجد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( سٹاف رپورٹر ) پشاور کے عالمی شہرت یافتہ کارڈیو تھوریسک سرجن،مصنف اور تاریخ دان پروفیسر ڈاکٹر سیدامجد حسین ذیدی نے کہا ہے کہ انسانیت کی بے لوث خدمت کے ذریعے اس خطے کے فزیشنز اور دیگر ماہرین طب نے جو کارہائے نمایاں انجام دی ہیں پوری دنیا اسکی معترف ہے۔ سخت محنت ،ایمانداری اور جہد مسلسل سے دنیا میں اونچے سے اونچا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے جس کی عملی مثال وہ خود ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور میں ایڈوانسز ان کینسر اینڈ ہیماٹالوجی کانفرنس کے منتظمین میں گزشتہ روز توصیفی اسناد کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ جب کہ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ کے علاوہ مختلف اداروں کے سربراہان ، فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ ڈاکٹرسید امجد حسین نے کہا کہ طبی تحقیق کے شعبے میں مسلمان محققین نے جوخدمات انجام دی ہیں وہ آج بھی جدید دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فزیشنز پر ان کی پیشہ ورانہ فرائض کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں سزاؤں سے زیادہ خود احتسابی اورجذبہ خدمت انسانی بروئے کار لانے کی ضرور ت ہے۔ پروفیسرسید امجد حسین نے طبی اخلاقیات کو نصاب کاحصہ بنانے کے علاوہ نوجوان ڈاکٹروں اور دیگر شعبوں سے وابستہ ہیلتھ پروفیشنز کی مضبوط بنیادوں پر اخلاقی تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کے ایم یو اس ضمن میں قائدانہ اور فعال کردار اداکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ طبی اخلاقیات کے ضمن میں ہمیں تھیوری کی بجائے زیادہ سے زیادہ توجہ پریکٹس پر دینی چاہیے جس کے نتیجے میں نہ صرف طبی اخلاقیات کاکلچر پروان چڑھے گا بلکہ اس سے بہترین طبی خدمات کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ قبل ازیں کے ا یم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے ڈاکٹرسید امجد حسین کا تعارف شرکاء کے سامنے پیش کیا اوران کی پیشہ ورانہ ، ادبی اور فلاحی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے انہیں پشاور کا ایک مایہ ناز اور قابل فخر سپوت قرار دیا۔آخر میں آئی بی ایم ایس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے ایڈوانسز ان کینسر اینڈ ہیما ٹالوجی کانفرنس کی رپورٹ پیش کی اور پروفیسر ڈاکٹر امجد حسین نے منتظمین میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیئے۔#