انتخابات سے قبل سب کہتے تھے لوڈشیڈنگ جلدی ختم کرنے کا وعدہ کریں ورنہ لوگ ووٹ نہیں دیں گے :وزیر اعظم نوازشریف
شیخوپورہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم نوازشریف نے انکشاف کیا ہے کہ الیکشن سے قبل سب ہمیں کہتے تھے لوڈشیڈنگ جلدی ختم کرنے کا وعدہ کریں ورنہ لوگ ووٹ نہیں دیں گے ۔
شیخوپورہ کے نواح بھکھی میں تھرمل پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جب 2013ءمیں اقتدار میں آئے تو ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل تھے اور لگتا تھا کہ ہم پاکستان میں نہیں کہیں اور موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد مجھے کہا جا تا تھا کہ آپ خوش نہیں ہیں مگر مجھے اس وقت یہ فکر کھائے جاتی تھی کہ ملک میں اتنے مسائل موجود ہیں ان سے کیسے نمٹا جائے گا ۔ ”ان مسائل کو حل کرنا تھا تو ان کی فکر نہیں ہو گی تو اور کیا ہو گا ، بس یہی بات تھی اور کوئی بات نہیں تھی “۔
وزیر اعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ عام انتخابات سے قبل لوگ یہ کہتے تھے کی لوڈشیڈنگ جلدی ختم کرنے کا اعلان کریں ورنہ لوگ ووٹ نہیں دیں گے مگر ہم نے قوم سے جھوٹا وعدہ نہیں کیا ۔”لوگوں نے مجھ سے کہا کہ آپ ایک یا ڈیڑھ سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کریں “۔