پانامہ او ر جعلی اکاؤنٹس والے حکومتی کارکردگی سے پریشان ہیں،جمشید چیمہ

پانامہ او ر جعلی اکاؤنٹس والے حکومتی کارکردگی سے پریشان ہیں،جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ صرف پانامہ زدہ اور جعلی اکاؤنٹس والے حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں ،پیپلز پارٹی کی اربوں روپے کی کرپشن پر ہاتھ ڈالا جائے تو اٹھارویں ترمیم کو لے آتے ہیں ،عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کی طویل پارٹنر شپ کو توڑا ہے ۔ پارٹی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میدان میں آکر اپنے اچھے اقدامات بتائیں ہم ان کی پیروی کریں گے لیکن اگر یہ کہا جائے کہ کرپشن اور لوٹ مار کرنے کیلئے ان کے راستے پر چلا جائے تو ایسا نہیں ہو سکتا ۔ وزیر اعظم عمران خان کا عزم ہے کہ ہم نے اس ملک سے کرپشن کے بیج کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نا پید کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری اور ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے ہیں اور دنیا کے معتبر ادارے ملک کو صحیح سمت میں ڈالنے کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں ۔ موجودہ حالات میں صرف پانامہ زد اور جعلی اکاؤنٹس والے حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں لیکن ہمیں ان کی کوئی پرواہ نہیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ بتایا جائے اٹھارویں ترمیم کی تبدیلی کیلئے کہاں لابنگ یا تیاری ہو رہی ہے ۔جب بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن پر ہاتھ ڈالا جائے تو یہ اٹھارویں ترمیم کو لے آتے ہیں۔