سیاسی معاملات میں کسی کو مداخلت کا اختیار نہیں ہونا چاہیے،امیر العظیم
لاہور(نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں ریاست کے کسی بھی شخص یا ادارے کو مداخلت کا اختیار نہیں دیا جاسکتا ۔ اس سے ملک میں اداروں کے خلاف نفر ت بڑھے گی اور مخاصمت کی فضا قائم ہوگی۔ آئین پاکستان میں تمام اداروں کی ذمہ داریاں بڑی واضح انداز میں بیان کردی گئی ہیں،ان سے تجاوز کرنے سے ملک میں بحرانی کیفیت جنم لے سکتی ہے۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
، جس میں کہا گیا ہے کہ قانون حکومت یا ادارے سب پر لاگو ہوتا ہے۔ریاستی اداروں کو اپنی حدود اور دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ ماضی میں اداروں کی آپس میں چپقلش اور نتیجتاً ملک میں جمہوری نظام کو ڈی ریل کرکے آمرانہ نظام کو قائم کرنا بڑی بدقسمتی تھی، جس سے ملکی ترقی کا راستہ رک گیا۔ جمہوری سسٹم چاہے جتنا بھی کمزور کیوں نہ ہو اس کو تقویت ملنی چاہیے بصورت دیگر ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک صورت حال سے دوچار ہے۔ تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔
امیر العظیم