ملک کے مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آن لائن، جنرل رپورٹر)سردی کا موسم مارچ کے مہینے تک جاری رہنے کا امکان، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری، مارچ کے مہینے تک بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشن گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب اور ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ گزشتہ رات سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، علی الصبح ہونے والی بوندا باندی کے بعد بھیگی بھیگی رت میں آسمان سے کہیں چھاجوں مینہ برسا اور کہیں اولے گرے۔فیصل آباد، ظفر وال اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا۔کاہنہ میں بارش اور ژالہ باری جبکہ علی پور شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔ جبکہ سکردو، ناران، گلگت، استور، خنجراب، سیاچن میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ کا موسم بھی شدید سرد ہے۔ کوئٹہ کے علاوہ زیارت اور قلات میں بھی برف باری سے موسم سرد شدید سرد ہو گیا۔ آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔زیارت میں کم از کم درجہ حرارت منفی 11، قلات منفی 6، کوئٹہ میں منفی 5، خضدار اور ژوب میں منفی 2، لسبیلہ میں 10، نوکنڈی میں 2، پنجگور میں 1، تربت میں 12 جبکہ اسلام آباد 6 لاہور 10 اور کراچی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ ملک میں سردی کے موسم کا دورانیہ معمول سے طویل ہوگا۔ ملک میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ ناصرف رواں ماہ جاری رہے گا، بلکہ یہ سلسلہ اگلے ماہ مارچ کے مہینہ میں بھی جاری رہے گا۔ اس لیے سردی کا موسم مارچ کے مہینے تک جاری رہ سکتا ہے۔
بارش

مزید :

صفحہ آخر -