فورٹ منرو نے سفید چادر اوڑھ لی ‘ مختلف شہروں میں بارش سے موسم سرد

فورٹ منرو نے سفید چادر اوڑھ لی ‘ مختلف شہروں میں بارش سے موسم سرد

  

ڈیرہ غازیخان ‘ ٹھٹھہ صادق آباد ‘ ہارون آباد ‘ خان پور ( سٹی رپورٹر ‘ نمائندہ پاکستان ‘ نامہ نگار ) جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ‘ ژالہ باری اور فورٹ منرو میں برف باری سے موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے ۔ دوسری جانب سیاحوں نے بڑی تعداد میں برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے جنوبی پنجاب کے صحت افزاء مقام فورٹ منرو کا رخ کر لیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق کوہ سلیمان کے خوبصورت صحت(بقیہ نمبر37صفحہ12پر )

افزاء مقام فورٹ منرو میں گزشتہ روز ایک بار پھر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا اور برف کی سفید چادر نے پورے علاقے کو ڈھانپ لیا برف باری کی خبر سننے کے ساتھ ہی سیاحوں نے برف باری کے نظارے دیکھنے کے لیے فورٹ منرو پہنچنا شروع کر دیا مگر فورٹ منرو میں بجلی، پانی سمیت رہائش اور کھانے پینے کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے سبب انہیں دشواری کا سامنا رھا اور انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار سے مطالبہ کیا کہ مری کی طرح فورٹ منرو میں بھی ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کا اجراء کریں اور فوری طور پر چیئر لفٹ کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کریں جبکہ فورٹ منرو میں آئے روز بدلتے ہوئے موسم کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان وگردونواح کے علاقوں کو بادلوں نے گھیرے رکھا بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے سارادن ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں بے انتہا اضافہ ہوگیا سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلباء کی حاضری انتہائی کم رہی جبکہ شہریوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے کھانے پینے کی اشیاء جمع کر کے پارکس میں ڈیرے جما لیے۔دریں اثناء ٹھٹھہ صادق آباد،پل14،پل 132،حاجن شیر،زور کوٹ،علی شیر واہن،پل پنجونواح میں تیز ہواوں کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی،شدید بارش سے گلیاں بازار سڑکیں پانی سے بھر گئے،جبکہ ژالہ باری سے زمین سفید ہوگئی،شدید بارش ژالہ باری اور تیزٹھنڈی ہواں سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی،جبکہ بارش ژالہ باری سے سبزیات باغات کو نقصان ہواہے۔علاوہ ازیں ہارون آباد اور گردونواح میں شدید بارش اور ژالہ باری ، سڑکوں ، شاہراہوں اور گھروں کی چھتوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، تفصیلات کے مطابق ہارون آباد اور گردو نواح میں گرج چمک کیساتھ شدید بارش ہوئی جبکہ کئی مقامات پر بارش نے برف کا روپ دھار لیا اور اولوں کی صورت میں برس پڑی ، جس کے نتیجے میں سڑکوں ، شاہراہوں اور گھروں کی چھتوں نے سفید چادر اوڑھ لی ۔ شدید ژالہ باری سے گندم کی فصل سمیت دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ۔ شدید بارش کے باعث بجلی کی بندش سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے گلی محلوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا جو دریا کا منظر پیش کرنے لگا جس سے ٹریفک کی روانی اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق اس بارش سے گندم کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور جن علاقہ جات میں ژالہ باری ہوئی وہاں نقصان کا اندیشہ بھی پیدا ہو گیا ہے ۔ جبکہ خان پور تحصیل میں بعض مقامات پر گرج چمک بارش اور ژالہ باری ۔تفصیلات کے مطابق خان پور میں صبح سویرے خان پور کے نواحی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ جس کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔ جس کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -