گوادر میں ایشیا کی بڑی آئل کمپنی کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات شروع ہوگئے ،شاہ محمود قریشی

گوادر میں ایشیا کی بڑی آئل کمپنی کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات شروع ہوگئے ،شاہ ...

  

گوادر (آن لائن)پاکستان میں ایشیاء کی سب سے بڑی آئل کمپنی کی تعمیر کا اعلان، گوادر میں سعودی عرب کی جانب سے تعمیر کی جانیوالی آ ئل ریفائنری دنیا کی تیسری بڑی ریفائنری جبکہ ایشیا کی سب سے بڑی آئل کمپنی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے دوستانہ تعلقات کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دورا ن تاریخی معاہدے کیے جائیں گے جبکہ دورہ پاکستان کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان، دوستانہ، برادرانہ اور اقتصادی تعلقا ت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔دوست ملک اور دنیا میں سے زیادہ تیل کی پیداوار والے سعودی عرب نے اپنا کیا وعدہ پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ آئل ریفائنری کی تعمیر کے ملکی معیشت پر زبر د ست اثرات مرتب ہوں گے۔ سعودی عرب کے وزیر توانائی، صنعت ومعدنی وسائل وفاقی خالد عبد العزیز الفلیح کی زیر قیادت سعودی وفد کاگزشتہ دنوں گوادر کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑ ی تھااس موقع پر انہوں نے گوادر میں آئل ریفائنری کی جگہ بھی دیکھی ، رواں ماہ سعودی ولی عہد کی آمد پر آ ئل ریفائنری کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ سعودی عرب کی پاکستان میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔

شاہ محمود

اسلام آباد/لندن (آ ئی این پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی نظر واشنگٹن پر ہوتی تھی، ہماری مدینہ شریف پر ہوتی ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت مغرب کی آشیرباد سے نہیں 22 سال کی مسلسل جہد سے آئی ہے،پاکستان اور چین کے مابین سی پیک پارٹ ٹو کا فیصلہ ہو چکا ہے،پانچ ماہ میں سعودی عرب، یو اے ای نے اور قطر نے ہمارے ساتھ غیر معمولی تعاون کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی برطانیہ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو جتنا مرضی چھپا لے سوشل میڈیا اسے بے نقاب کر دیتا ہے،بھارت سے تعلقات مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہیں لہٰذا بھارت ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا تھا جبکہ برطانیہ کی دونوں سیاسی جماعتیں فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے پر متفق ہیں،وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں متفقہ قرارداد کی منظوری اور ان پر ہونے والے ظلم و استبداد کے خلاف جو آواز بلند ہوئی وہ تاریخ کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج امریکہ ہماری وجہ سے طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے۔بعدازاں پاکستانی اور برٹش پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر جب تک حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیامیں امن قائم نہیں ہو سکتا لہٰذا عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنا کردار کرے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان صدر کے ٹویٹ کو مسترد کرتے ہیں، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں۔ اپنے رد عمل میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان قیادت اپنے لوگوں کے حل طلب مسائل پر توجہ دے ۔

مزید :

صفحہ اول -