غیر ملکی سرمایہ کاری حکومت کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا مظہر ،وزیراعظم
اسلام آ با د ( آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو موجودہ حکومت کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔امریکن بزنس کونسل کے وفد نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریول ٹو پاکستان اور ایزی آف ڈوئنگ بزنس کے ضمن میں حکومتی اقدامات مثالی ہیں۔ ا س موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے ملک میں روزگار کے مواقع میسر ہوں گے، غربت میں کمی آئیگی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے مواقع فراہم ہوں گے۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں حکومت کی طرف سے سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے پر بھرپور حوصلہ افزائی کی۔وفد میں معروف امریکی اور بین الاقوامی سر مایہ کار کمپنیز کے نمائندے شامل تھے۔قبل ازیں وزیراعظم کے زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ ہارون شریف،سیکرٹریِ خارجہ تہمینہ جنجوعہ و دیگر افسران شریک ہو ئے۔اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کے پہلے پانچ ماہ میں ملک میں ہونے والی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور مستقبل قریب میں مختلف ممالک خصوصاً دوست ممالک کی جانب سے معیشت کے مختلف شعبوں میں شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم متوقع سرمایہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے پہلے پانچ ماہ میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی۔ اس کے مقابلے میں سابقہ حکومت کے دور اقتدار میں اسی مدت میں ہونے والی سرمایہ کاری محض 426 ملین رہی۔اجلاس میں پاکستان کے دوست ممالک چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ملائشیا کی جانب سے اب تک کی جانے والے اور متوقع سرمایہ کاری پر وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر وزیراعظم کو بتا یا گیا۔