کثیر القومی بحری مشق امن 2019ء آج سے شروع ہو گی
کراچی (این این آئی)کثیر القومی بحری مشق امن 2019ء آج شروع ہو گی ، پاکستان نیوی فلیٹ ہیڈ کوارٹر میں میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی نے مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ سال 2007ء سے مشق امن کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جارہا ہے۔ رواں سال بھی پینتالیس سے زائد ممالک اپنے بحری جہازوں کے ساتھ اورمندوبین کے طور پر شرکت کر رہے ہیں،یہ مشق دو اہم مراحل پر مشتمل ہے ، جس میں ہاربر فیز اور سی فیز شامل ہیں۔ہاربر فییز کے دوران مختلف سیمینارز، مباحثے اور عملی مظاہروں پر مشتمل ہے،علاوہ ازیں عالمی سیاست کے تغیروتبدل ؛ بحیرہ ہند میں ابھرنے والی نئی میری ٹائم جہتوں پر غورو فکرکے موضوع پر تین روزہ بین الالقوامی میری ٹائم کانفرنس کا انعقادکیا گیا ۔ماضی قریب میں پاکستان بہت مشکل ادوار سے گزرا ہے، مگر ہم دہشت گردی اور خوف و حراس پھیلانے والی قوتوں کیخلاف مستعد کھڑے رہے، کسی بھی بحری قوم کی طرح پاکستان کے بھی میری ٹائم سیکٹر میں قابل قدرمفادات ہیں،سمندروں کو ہم سب کیلئے محفوظ بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہامشق کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے بحری نظریات اور کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنا اور سمندر میں درپیش مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی بنانا ہے۔ یہ مشق شریک ممالک کے دوستانہ تعلقات میں معاون ہوگی جس سے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے اور یکساں طریقہ کار کی مشق کرنے سے ان بحری خطرات سے نبرد آزما ہونے کا راستہ متعین ہوگا ۔