حقیقی جمہوریت اور عوامی لیڈرشپ کیلئے پارلیمنٹ کا فعال ہونا ضروری ،جاوید ہاشمی

حقیقی جمہوریت اور عوامی لیڈرشپ کیلئے پارلیمنٹ کا فعال ہونا ضروری ،جاوید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جاوید اقبال )ملک کے ممتاز سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے نیب کی کمانڈ عسکری قوتوں کے ہاتھ میں ہے اور وزیر اعظم عمران خان سمیت سکندر مرزا سے لے کر ہر سیاستدان فوج کی فیکٹری کی پیداوار ہے ۔ملک میں حقیقی سیاسی قیادت اور سیاستدان سامنے نہ آنے کی بنیادی وجہ یہی فیکٹری ہے اگر قوم کو جمہوریت اور جمہوری اداروں کا استحکام اور حقیقی پولیٹیکل لیڈر شپ چاہیے تو عسکری فیکٹری کو بند کرکے اسکی جگہ صرف پارلیمنٹ کی فیکٹری کو فعال کرنا ہوگا ۔احتساب ایک ڈرامہ ،جو سیاستدانوں کو دبانے کیلئے استعمال ہورہا ہے۔نواز شریف اور (ن)لیگ کو ختم نہیں کیا جاسکتا یہ بات عمران خان کو لانے والوں کو سمجھ آچکی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز’’پاکستان فورم ‘ ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا پنجاب کے سینئر وزیر عبد العلیم خان کو خاص مقاصد کیلئے گرفتار کیا گیا، آغاز میں تاثر یہ دیا گیا احتساب کے عمل کو برابری کی بنیاد پر ہے ، مگر اس کی حقیقت کچھ اور، یہ میں نہیں ساری دنیا کہہ رہی ہے ۔موجودہ دور میں ہی نہیں مشرف کے دور سے احتساب ہورہا ہے یہ احتساب نہیں بلکہ کرپشن پھیلانے کا ڈرامہ ہے، عبد العلیم خان کو کن مقاصد کیلئے گرفتار کیا گیا یہ حقیقت جلد سامنے آجائے گی ،احتساب کا ادارہ لگ رہا ہے سیاستدانوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے بنایا گیا ہے اس کی کمان ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو حکومتیں گراتے اور بناتے ہیں یہ و ہی قوتیں ہیں جن کے کارخانے میں نواز شریف ،ذوالفقار علی بھٹو،محمد خان جونیجو،بینظیر بھٹو ،عمران خان ،ظفر اللہ جمالی،شوکت عزیز اور یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم بنائے گئے۔ملک کی یہ بد قسمتی ہے پہلے یہی لوگ ان کیلئے ا چھے ہوتے ہیں اور بعد میں جو ان کی بات نہیں مانتا اس کو فارغ کرتے، مارتے یا پھر جیلوں میں بھی ڈالتے ہیں، نواز شریف کو یس مین نہ بننے کی صورت میں جیل میں ڈالا گیا، بینظیر کو مشرف نے کہا ملک میں واپس نہ آؤ جب وہ آگئی تو غیر طبعی موت اس کا مقدر ٹھہری۔کرتارپور راہداری نواز شریف بھی دینا چاہتا تھا اور بے نظیر بھٹو بھی ،مگر کتنے افسوس کا مقام ہے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی بجائے بھارتی کر کٹر نوجوت سنگھ سدھو نے راہداری کھولنے کا اعلان بھارت جا کر کیا اور انہوں نے کہا ہم افواج پاکستان کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ کے مشکو ر ہیں جنہوں نے سکھوں کو ان کے مذہبی مقام تک رسائی دی ،یہ ہمارے وزیر اعظم کی توہین ہے، مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی اور دعوے سے کہتا ہوں نواز شریف کا مستقبل روشن ہے ۔ عمران خان کی حکومت کی کارکردگی عملاً صفر اور یہ دیکھنے والے بھی دیکھ رہے ہیں، اسٹبلشمنٹ آج ان کی سرپرستی چھوڑ دے تو وہ چند دن کے مہمان رہ جائیں گے اگر اسٹبلشمنٹ چاہے گی تو وہ آئند ہ بھی پانچ سال مکمل کرلیں گے۔ میں 19برس سے نیب کو جانتا ہوں ساڑھے چار سال جیل میں رہ کر احتساب کو بھگتا اور اللہ کا شکر ہے واحد سیاستدان ہوں جس کو احتساب عدالت نے پاک صاف قرار دے کر باعزت بری کیا ،یہ احتساب کا نظام نہیں بلکہ یہ وہ نظام ہے جس کے ذریعے ملک کی سیاست کو مکمل طور پر کنٹرول کیا جاتا ہے ۔ملک کاہر شہری لوٹ مار کرنیوالوں کا احتساب چاہتا ہے مگر انہیں احتساب کے نام پر الو بنایا جا رہا ہے۔
جاوید ہا شمی