علیم خان کے بعد وزیراعظم کے اخراجات کون برداشت کریگا،مرتضیٰ وہاب

علیم خان کے بعد وزیراعظم کے اخراجات کون برداشت کریگا،مرتضیٰ وہاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ علیم خان کی گرفتاری کے بعد وزیراعظم عمران خان کی شاہانہ زندگی کے اخراجات اب کون برداشت کرے گا کیا وزیراعظم اب کوئی دوسرا علیم خان تلاش کریں گے۔ مشیر اطلاعات سندھ نے آج اپنے جاری بیان میں کہا کہ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان انتہائی بھونڈے انداز میں علیم خان کا دفاع کررہے ہیں ان کے مطابق علیم خان نہ تو مجرم ہیں اور نہ ہی ملزم تو فیاض الحسن چوہان قوم کو بتائیں کہ وہ کیا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری سے وزیراعظم عمران خان کو سانپ سونگھ گیا ہے آج بھی تحریک انصاف اپنے کرپٹ اور منافق لیڈروں کو دودھ کا دھلا سمجھتی ہے اور علیم خان کی گرفتاری کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو سانپ سونگھ گیا ہے اور فیاض الحسن چوہان کھسیانی بلی کی طرح کھمبا نوچ رہے ہیں اور علیم خان کو شفاف احتساب کی بچکانہ مثال بنا رہے ہیں جبکہ علیم خان کی گرفتاری بڑے بجٹ کی فلموں کی طرح بھونڈا ڈرامہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیم خان کی تفتیش میں وزیراعظم عمران خان کو براہِ راست شامل کیا جائے کیونکہ وہی عمران خان کے کچن اور شاہانہ انداز زندگی کا خرچہ اٹھا رہے تھے۔