صوبائی وزیر صحت کا ضلع اورکزئی کا تفصیلی دور ہ ،ہسپتالوں کا جائزہ

صوبائی وزیر صحت کا ضلع اورکزئی کا تفصیلی دور ہ ،ہسپتالوں کا جائزہ

  

پشاور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ضلع اورکزئی کاتفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ انہوں نے پاک آرمی کی جانب سے مقامی لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدام کوبھی سراہا۔ دورے کے دوران سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے پاک آرمی کے تعاون سے قائم کٹیگری ڈی ہسپتال غلجو کادورہ کیاجہاں کمانڈنٹ کرنل ذاکر خان یوسفزئی اور متعلقہ ڈی ایچ اونے صحت سہولیات سے متعلق انہیں تفصیلی بریفنگ دی، ڈاکٹر ہشام نے ہسپتال کے انفرسٹرکچر بنانے اورمقامی لوگوں کو معیاری سہولیات فراہمی میں پاک آرمی کے کردار کو سراہا۔ بعدازاں قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات میں صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام نے بتایا کہ امن کے قیام میں پاک آرمی اور قبائلی عوام نے کلیدی کردار کیااور امن کے قیام کے بعد اب حکومت قبائلی عوام کو تعلیم ، صحت سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام اس ملک اور صوبے کا حصہ ہیں اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قبائلی اضلاع کو ترقی وخوشحالی کے دورمیں لیکرچلیں گے۔ بعدازاں وزیرصحت نے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال مشتی میلا اور کلایہ ڈگری ہسپتال میں بھی طبی سہولیات کا جائزہ لیا، وزیرصحت کو بتایا گیا کہ ایجنسی مشتی خیل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایاجارہا ہے جبکہ مقامی عمائدین نے بھی ہسپتال میں سہولیات کی تعریف کی،وزیرصحت نے ہسپتال میں آفس بحالی کے احکامات بھی جاری کیے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -