وزیراعلیٰ نے پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کی منظوری دیدی

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کی منظوری دیدی
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کی منظوری دیدی

  

لاہور( آن لائن) پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے نئے مقامات کو ڈویلپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کرنے کے پروگرام کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوہ سلیمان کو سیاحتی مقام کیلئے ڈویلپ کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹس کی تزئین و آرائش کافیصلہ بھی کیا گیا، سیاحت کو پروموٹ کرنے کیلئے کیمپنگ سائٹس ،ہپ سفاری،پیرا گلائیڈنگ اورلوکل ہیرٹیج بازار بھی بنائے جائیں گے ،وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاجنوبی پنجاب کے سیاحتی مقامات کی ڈویلپمنٹ سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سمال ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے بھی زیر غور ہیں،مبارکی ٹاپ میں سیاحوں کیلئے تمام تر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی،وزیراعلیٰ نے ہیڈ تونسہ کو بھی ٹورازم سپاٹ کے طورپر ڈویلپ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان کی بہادر فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انمٹ کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے افسر اور جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں ، شہدا کا قیمتی لہو رائیگاں نہیں گیا بلکہ پاکستان میں امن کا سورج طلوع ہوا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں ملزم کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک کے بارے میں میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جاسکتے ، نئے پاکستان میں پولیس کو اپنا روایتی رویہ بدلنا پڑے گا، وزیراعلیٰ کے نوٹس لئے جانے پر ڈی پی او راجن پور نے ملزم سے ناروا سلوک کرنے والے 2 کانسٹیبلز سجاول اور مزمل کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات محمد آصف نکئی اور ایم این اے طالب حسین نکئی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ،میرٹ اورانصاف کے تقاضوں کے مطابق حکومتی امور سرانجام دے رہے ہیں۔ہمارا عوام سے تعلق ہے اورعوام کے مینڈیٹ پر آنچ نہیں آنے دیں گے اورخدمت کا سفرمیں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -