پی ٹی آئی حکومت نے بھی عوام کومایوسی کے سواکچھ نہیں دیا،مسائل میں اضافے نے حکومتی کارکردگی کاپول کھول کر رکھ دیا :امیر العظیم

پی ٹی آئی حکومت نے بھی عوام کومایوسی کے سواکچھ نہیں دیا،مسائل میں اضافے نے ...
پی ٹی آئی حکومت نے بھی عوام کومایوسی کے سواکچھ نہیں دیا،مسائل میں اضافے نے حکومتی کارکردگی کاپول کھول کر رکھ دیا :امیر العظیم

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ روزبروزبڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ضروریات زندگی کی اشیاء غریب طبقے کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں،دووقت کی روٹی کے حصول کی خاطر سکول جانے کی عمر میں معصوم بچے اپنے غریب والدین کاہاتھ بٹانے کے لیے محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں،پی ٹی آئی سے عوام کو بڑی توقعات وابستہ تھیں مگر اب تک کی حکومتی کارکردگی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،ملکی معیشت دن بدن سنگین صورتحال کا شکار ہوتی جارہی ہے، ایک طرف عوام کو غربت،مہنگائی،بے روزگاری اورلاقانونیت کاسامنا ہے تودوسری طرف حکمرانوں کے غیر سنجیدہ طرزعمل نے ساری کسر پوری کردی ہے۔

امیر العظیم نے کہاکہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعدادمیں دن بدن اضافہ ہورہا ہے،عوام کو کسی قسم کی سہولت میسر نہیں،مہنگائی،بے روزگاری اور لاقانونیت جیسے مسائل میں اضافے نے حکومتی کارکردگی کاپول کھول کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی عوام کومایوسی کے سواکچھ نہیں دیا،سابقہ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک وقوم کے مفادات کوہمیشہ نقصان پہنچایاہے اور بدقسمتی سے یہ سلسلہ ہنوزجاری ہے،محب وطن قیادت کے فقدان نے عوام کی زندگی میں آسودگی نہیں آنے دی۔انہوں نے کہاکہ حکومت مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤپالیسیوں کے ذریعے وقت گزاری کررہی ہے،عوام الناس کو صرف سبزباغ دکھائے جارہے ہیں جبکہ دن بدن معاشی عدم استحکام بڑھتاہی چلاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں ہے ،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے ہوا میں اڑادیئے گئے ہیں ، جب تک عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں کیے جاتے ملک میں نہ تو مہنگائی کا جن قابو میں آسکتا ہے اور نہ ہی ہم ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -