پانامہ لیکس میں ملوث مزید افراد کی تلاش بارے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں:سینیٹر سراج الحق

 پانامہ لیکس میں ملوث مزید افراد کی تلاش بارے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم ...
  پانامہ لیکس میں ملوث مزید افراد کی تلاش بارے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں:سینیٹر سراج الحق

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پانامہ لیکس میں ملوث ملزمان کو تلاش کرکے ان کے خلاف مقدمات دائر کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمہ اور بے لاگ احتساب سمیت وزیر اعظم نے بہت سے اعلانات اور وعدے کررکھے ہیں ۔قوم ان وعدوں اور اعلانات پر عمل درآمد ہوتا دیکھنا چاہتی ہے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پانامہ لیکس کے ملزمان کے خلا ف کارروائی کے فوری آغازکو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اعلان سابقہ اعلانات کی طرح محض اعلان نہیں رہے گا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کا سب سے پہلے آغاز جماعت اسلامی نے کیا تھا ،جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کی بدولت آج کراچی سے چترال تک پورے ملک کے عوام کرپشن کے خلاف متحد ہوچکے ہیںاور بچے بچے کی زبان پر کرپشن مٹائو پاکستان بچائو کے نعرے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہماری یہ تحریک کرپشن کے ناسور کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے تک جاری رہے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ پانامہ لیکس کے ایک ایک ملزم کو تلاش کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائے اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس کرپشن کے ایک سو پچاس میگا سکینڈلزکی فائلیں موجود ہیں ان سکینڈلز میں ملوث ملزمان کو بھی پکڑا جائے۔

مزید :

قومی -