سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل کا باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ

سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل کا باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاورپر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مسافروں کی اسکریننگ کے لیے اضافی صحت عملہ تعینات کر دیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ سیکریٹری صحت خیبرپختونخوا محمد یحیٰی اخوانزادہ اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر طاہر ندیم کے ایئرپورٹ کے دورے کے دوران کیا گیا۔ سیکریٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل نے ائیرپورٹ پر کورونا وائرس کے حوالے سے مسافروں کی اسکریننگ اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ائیرپورٹ منیجر عبید الرحمٰن، ڈائریکٹر ہیلتھ ضم اضلاع ڈاکٹر حیات خان اور دیگر ائیرپورٹ حکام موجود تھے۔ سول ایوی ایشن کے ڈاکٹر جاوید اور ڈاکٹر کشمالہ نے مسافروں کی اسکریننگ اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پشاور ائیرپورٹ پر محکمہ صحت کے عملے کی تین شفٹوں میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے اضافی عملہ کی تعیناتی کی گئی ہے۔ مسافروں کی اسکریننگ کے لیے ایک شفٹ کے لیے 8 جبکہ مجموعی طور پر 24 اہلکاروں کی ائیرپورٹ پر ڈیوٹی لگائی گئی ہے جو کہ آج سے اپنے فرائض سنبھال چکے ہیں۔ اس عملے میں ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس شامل ہیں۔ بیرون ملک سے آنے والے ہر مسافر کی اسکریننگ کو یقینی بنانے کے لیے دو جگہ سکریننگ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں تاکہ ہر مسافر کی صحت کی جانچ پڑتال ہو سکے۔ کورونا وائرس کا کوئی مشتبہ کیس سامنے آنے کی صورت میں اسے کورونا وائرس کے لیے مختص سروسز ہسپتال تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس چوبیس گھنٹے میسر ہو گی جبکہ مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن کارڈز لینے کے لیے بھی الگ کاؤنٹر بنایا گیا ہے۔ سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ پر موجود صحت عملے کو تھرمل سکینر کے ساتھ ساتھ تھرمل گن بھی مہیا کی گئی ہیں۔ محمد یحیٰی اخوانزادہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ائیرپورٹ پر تعینات صحت سٹاف کے لیے کھانے اور پک اینڈ ڈراپ سروس کا بھی فوری انتظام کیا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر