کرونا وائرس: سینیٹ ارکان کا چین کیساتھ اظہار یکجہتی، سرجیکل ماسک بھجوانے کی تجویز

کرونا وائرس: سینیٹ ارکان کا چین کیساتھ اظہار یکجہتی، سرجیکل ماسک بھجوانے کی ...

  



اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ میں ارکان نے مشکل وقت میں چین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے چین کی معیشت پر برا اثر پڑا ہے، پوری قوم چین کے ساتھ ہے اور ان سے یکجہتی کااظہار کرتی ہے،ہم ان کا ساتھ دیں گے، چین نے ہربرے وقت میں ہمار ا ساتھ دیا، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، چینی صدر ایک مسجد میں گئے اور مسلمان رہنماؤں سے ملے، چینی صدر کا یہ اقدام خوش آئند ہے، پوری دنیا میں چین کے اس رویئے سے بہتر مثبت اثرات مرتب ہوں گے حالانکہ مسلمانوں کے ساتھ چین کے تعلقات اچھے ظاہر نہیں کئے جارہے تھے اور اس میں بیرونی حکومتیں بھی ملوث ہیں جو چین کی مخالف ہیں وہ اس بات کو بہت ہوا دے رہے ہیں،ہمارے صدر چین کے صدر سے اور وزیراعظم چینی ہم منصب سے اظہار یکجہتی کیلئے بات کریں جبکہ ہماری طرف سے سرجیکل ماسک چین کو جانے چاہئیں۔ قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے ایوان کو بتایا ہے کہ ابھی تک پاکستان میں کسی لیبارٹری نے کرونا وائرس کے کسی کیس کو کنفرم نہیں کیا، ایئرپورٹ پر مسافروں کی سکریننگ کیلئے پلان ترتیب دیا گیا ہے، سپیشل کاؤنٹر بنائے گئے ہیں،بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز بنائے گئے ہیں،این آئی ایچ میں ڈائیگناسٹک ٹیسٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔ سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق نے کہا کہ یہ وائرس بین الاقوامی بحران کی شکل اختیار کر گیا ہے، مشیر صحت کے بیانات میں تضاد ہوتا ہے۔سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ حکومتی وفد کو چین جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ آج آٹا مہنگا ہو گیا ہے وہ بھی نہیں ملتا اربوں روپے مافیا کی جیبوں میں چلا گیا ہے،کابینہ کا ایک وزیر کہتا ہے کہ مجھے دھمکیاں دی گئی ہیں، سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ خیبر پختونخوا یونیورسٹیوں کے وائسر چانسلر نہیں لگائے جارہے،سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ قبائل کے نوجوانوں کو نادرا نے بھرتی کیا 21 جنوری کو جوائن کیا لیکن 23 جنوری کو اطلاع دی گئی کہ آپ کو برخاست کیاگیا ہے، سو سے زائد نوجوان ہیں ایک تین گولڈ میڈل لے چکاہے، فاٹا کے عوام کے ظلم ہوا ہے، چیئرمین سینیٹ نے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی،سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کرونا وائرس سے چین کی حکومت نمٹ رہی ہے، ان کی معیشت پر برا اثر پڑا ہے،یہ پیغام جانا چاہیے کہ پوری قوم چین کے ساتھ ہے اور ان سے یکجہتی کااظہار کرتی ہے انہوں نے ہربرے وقت میں ہمار ا ساتھ دیا، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔سینیٹر عبدالغفورحیدری نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے، چین نے ہمارا ساتھ دیاہے،ان کیلئے دعا بھی کریں گے۔سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ چین ہمارا دوست ملک ہے، سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ خوش قسمتی ہے کہ کرونا وائرس کے کسی ایک کیس کی بھی پاکستان میں تصدیق نہیں ہوئی، چین پر مشکل وقت ہے ہماری طرف سے سرجیکل ماسک چین کو جانے چاہئیں۔سینیٹر نعمان وزیر خٹک نے کہا کہ کرونا وائرس اگر پاکستان آگیا تو کنٹرول نہیں ہوگا ایک کمیٹی بنائی جائے جو اس حوالے سے صورتحال کومانیٹر کرے۔ارکان کے سوالوں پر جواب میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤدنے ایوان کو بتایا کہ2018 کے مقابلے میں 2019میں پی آئی اے کے خسارے میں کمی ہوئی، 2018 میں خسارہ 32ارب تھا جو 2019میں کم ہو کر 11ارب روپے رہ گیا،ریونیو میں اضافہ ہوا، نقصانات اور اخراجات میں کمی آئی، ٹکٹوں کی قیمتوں میں میں اضافہ ڈالر کا ریٹ اوپر جانے اور فیول پرائس بڑھنے سے ہوا،پہلے پی آئی اے ایس ای سی پی کی ڈیفالٹ لسٹ میں تھا اب اس سے نکال دیا گیا،ملکی بر آمدات بڑھ رہی ہیں، جولائی سے جنوری تک برآمدات میں اضافہ ہوا۔

سینیٹ/ اظہار یکجہتی

مزید : پشاورصفحہ آخر