تھانہ میں ٹانگہ ریس مقابلہ،لعل عمر نے تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی

    تھانہ میں ٹانگہ ریس مقابلہ،لعل عمر نے تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی

  



تھانہ(نمائندہ پاکستان) تھانہ میں ٹانگہ ریس مقابلہ۔ تھانہ کے لعل عمر نے تیسری مرتبہ 7 کلومیٹر ریس جیت کر 80ہزار روپے انعام حاصل کرلیا۔لعل عمر نے اس سے قبل بھی مخالفین کو دو مرتبہ مات دی تھی۔ ٹانگہ ریس نماز فجر کے فورا بعد پُل چوکی سے شروع ہوکر اپر بائی پاس پر ختم ہوئی۔ صبح سویرے ہزارو ں شائقین تماشے کے لئے آئے تھے۔ شائقین نے جیتنے والے لعل عمر کو کندھوں پر اُٹھا یا اور فائرنگ کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ لعل عمر کے گھر میں خوشی کا سماں چاول اور مٹھائیوں سے مہمانوں کی تواضع۔ حمایتیوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور لعل عمر کو باری باری سہرے پہنائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز صبح سویرے طے شدہ پروگرام کے مطابق نماز فجر کے فورا بعد تھانہ کے لعل عمر اور بونیر کے بلال کے مابین ایک ماہ قبل طے شدہ پروگرام کے مطابق ٹانگوں کی دوڑ کا مقابلہ ہوا۔ سڑک کے دونوں طرف اور ٹانگوں کے آگے پیچھے ہزاروں موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں میں سوار شائقین موجود تھے۔ 7کلومیٹر دوڑ کا مقابلہ تھانہ کے لعل عمر نے جیت کر 80 ہزار روپے انعام حاصل کرلیا۔ لعل عمر نے اخباری نمائندوں سے باتیں ک رتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقابلے کے لئے اپنے گھوڑے کو خصوصی خوراک دیتے ہیں اور اس کاخاص خیال رکھتے ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر