پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن، کوہاٹ پرائیویٹ ایجو کیشن نیٹ ورک کا انضمام
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن (پاسما) کوہاٹ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک خیبر پختونخوا میں ضم، باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ اس حوالے سے سکس بی لاؤنج میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پین کے صوبائی صدر سلیم خان، جنرل سیکرٹری، انس تکریم، پی ایس آر اے کے سنٹرل ریجن ممبر فضل اللہ داؤد زئی اور کیمیا گل نے بطور مہمانان خاص شرکت کی۔ تقریب میں پاسما کے چیئرمین ہارون نیازی نے باضابطہ طور پر پاسما کو پین میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پین کے صوبائی صدر سلیم خان، جنرل سیکرٹری، انس تکریم، پی ایس آر اے کے سنٹرل ریجن ممبر فضل اللہ داؤد زئی نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کا تعلیم کے فروغ میں کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ ہمارے مسائل کا حل اتفاق و اتحاد میں مضمر ہے اور اخلاص کی بدولت درپیش چیلنجزکا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک اخلاص، خدمت اور محنت پر قائم ہے۔ ہر ممبر تنظیم سازی کیلئے فعال ہوجائے۔ تقریب میں باہمی مشاورت اور رائے دہی سے ضلعی کابینہ کو توسیع دے دی گئی۔ جس کے مطابق پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے ضلعی چیئرمین ہارون نیازی، صدرمحمد شعیب خان، جنرل سیکرٹری محمد ابراہیم پراچہ، سینئر نائب صدر جواد احمد،نائب صدر جاوید خانزادہ، فنانس سیکرٹری محمدصفدر، آفس سیکرٹری، عبدالرزاق اور پریس اینڈ کلچرل سیکرٹری عبداللہ خان حیدر چن لیے گئے۔ پین کی نئی کابینہ اور ممبران کو صوبائی قائدین نے خوش آمد ید کہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آخر میں پین کی ضلعی کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی صدر سلیم خان نے پین کے ضلعی چیئرمین ہارون نیازی کو کوہاٹ ریجن میں تنظیم سازی کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کوہاٹ کی تینوں تحصیلوں میں تنظیم سازی کیلئے بھی مشاورت کی گئی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرلیا گیا