پی ٹی آئی نے قریب سے ووٹ لے کر مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا، سکندر شیر پاؤ

پی ٹی آئی نے قریب سے ووٹ لے کر مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا، سکندر شیر پاؤ

  



چارسدہ (بیو رو رپورٹ)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی قیادت میں پختونوں کے حقوق اور ترقی و خوشحالی کیلئے جدو جہد جاری رہے گی۔ عمران خان نے پر فریب وعدوں اور دعوؤں پر عوام سے ووٹ لیکر مہنگائی اور دیگر مسائل کے دلدل میں دھکیل دیاہے۔ موجودہ حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہے۔ وہ عمرزئی میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی نائب چیئرمین شمشیر خان کے حجرے میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے شمشیر خان، حامد ترنگزئی، عاشق علی، آصف کمال، پیر رحمان اللہ، مشتاق علی اور رحیم اللہ ناظم نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے سکندرحیات خان شیر پاؤ نے کہا کہ امسال شہید وطن حیات محمد خان شیر پاؤ کی بر سی کے حوالے سے تاریخی جلسہ عام کا انعقاد کیا جائیگاجس کے لئے پورے صوبے میں تیاریاں جاری ہے۔ انہوں نے حیات محمد خان شیر پاؤ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہید وطن غریبوں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کے حقیقی لیڈر تھے۔ انہوں نے کہا کہ 11فروری کو شہید وطن حیات محمد خان کی قربانیوں کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے ان کے مزار پر منعقد ہونے والے جلسہ عام میں صوبے بھر سے کارکن شرکت کرینگے جبکہ پنجاب، سندھ اور بلو چستان سے بھی پارٹی وفود شرکت کرینگے۔ سکند رحیات خان شیر پاؤ نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق اورترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے اور ہم عملی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ ہر فورم اور ہر محاذ پر پختونوں اور صوبہ کے حقوق اور پختونوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں۔ تحریک انصاف پر تنقید کر تے ہوئے سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کا گراف دن بدن گر رہا ہے اور خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں بھی عوام پی ٹی آئی سے متنفر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم مسائل پر کپتان کے تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کا جینا محال ہو چکا ہے۔ کپتان نے جو وعدے اور دعوے کئے تھے وہ سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر