حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدام کرے: عرفان اقبال شیخ

حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدام کرے: عرفان اقبال شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری دونوں مل کر ملک کے معاشی استحکام کیلئے کام کریں اور ایک دوسرے کیساتھ صنعت و تجارت کے حوالے سے ریسرچز شیئر کریں گے۔ اس کا فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں لاہور چیمبر کے وفد کی ایف پی سی سی آئی کے ریجنل دفتر آمد کے دوران کیا گیا۔لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور ریجنل چیئر مین ڈاکٹر محمد ارشد، لاہور چیمبر کے سابق صدر اور ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر محمد علی میاں اور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے اس موقع پر خطاب کیا۔ صدرنائب ایف پی سی سی آئی ڈاکٹر محمد ارشد نے کہا کہ صنعت و تجارت کو در پیش مسائل کے حل کیلئے ایف پی سی سی آئی اور اس سے ملحقہ اداروں کے مابین روابط مضبوط کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان روابط کے فروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجراور صنعتکا رملک سے امن، محبت اور خلوص کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجر برادری کے مابین خوشگوار تعلقات ملکی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی طاقت اس سے ملحقہ اداروں کے استحکام میں ہے تاہم تمام چیمبرز کو صنعت اور تجارت کے فروغ کیلئے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرکا اشتراک ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی شرط ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ نے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کو لاہور چیمبر کی جانب سے صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے جاری اقدامات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے موجودہ معاشی چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے ملک کو ان سے نکالنے کیلئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر اور ایف پی سی سی آئی دونوں کی اپنی اہمیت ہے۔

مزید :

کامرس -