پا ک بھارت جنگ خطے کے عوام کو ہلاک،نوجوانوں کا مستقبل تبا کر دیگی: سردار مسعود

      پا ک بھارت جنگ خطے کے عوام کو ہلاک،نوجوانوں کا مستقبل تبا کر دیگی: سردار ...

  



آکسفورڈ (این این آئی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے برطانیہ اور دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اس کی سلامتی کونسل کو مسئلہ کشمیر حل کرنے پر مجبور کریں کیونکہ اگر یہ تنازعہ پرامن ذرائع سے حل نہ ہوا تو نہ صرف جنوبی ایشیاء کو تباہ کن جنگ کی طرف لے جائے گا بلکہ اس خطے کے نوجوانوں کے مستقبل کو بھی تباہ کر دے گا۔ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی، کشمیری اور برطانوی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت آزادکشمیر اور پاکستان پر حملہ کرنے کی دھمکیاں،مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں رونما ہونے والے واقعات سے توجہ ہٹانے کے لئے دے رہا ہے لیکن دنیا اب بھارت کی مکرو فریب پر مبنی چالوں کو اچھی طرح سمجھنے لگی ہے۔ گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد عالمی میڈیا نے جرات، بہادری اور بے باکی سے بھارتی بیانیہ کی دھجیاں بکھیر کر اس کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ روایتی اور نئے ابلاغی ذرائع کو استعمال کر کے بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کریں اور بھارت کے ہاتھوں انسانیت کے خلاف جرائم اور انسانیت کی تذلیل کرنے کی حقیقی تصویر دنیا کو دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک سہ فریقی تنازعہ ہے جس میں جموں وکشمیر کے عوام مسئلہ کشمیر کے حقیقی فریق ہیں جنہوں نے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں آزادی کے جس نعرے کو ختم کرنے کے لئے اپنی نولاکھ فوج لے کر آیا تھا وہی نعرہ آج بھارت کے کونے کونے میں گونج رہا ہے۔ جو کشمیر کی تحریک آزادی کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

سردار مسعود

مزید : صفحہ آخر