ملک پر تاریخ کی بدترین مسکراہٹ چور حکومت مسلط ہے: سراج الحق

ملک پر تاریخ کی بدترین مسکراہٹ چور حکومت مسلط ہے: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت ملک پر تاریخ کی بدترین مسکراہٹ چور حکومت مسلط ہے۔کرپشن،مہنگائی اور بیروز گاری نے لوگوں سے مسکرانے کا حق بھی چھین لیا ہے۔وزیراعظم کے یوٹرنز اور جھوٹے وعدوں نے ناامیدی اور مایوسی میں اضافہ کیا۔وزیر اعظم نے جن لوگوں کیساتھ کبھی ہاتھ ملانے کو تیار نہیں تھے آج انہیں وزارتیں دے رکھی ہیں۔5فروری قومی یکجہتی کے دن کو روایتی تقریر کی نذر کرنا قومی کشمیر پالیسی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ملک پر مافیاز کی حکومت ہے۔ شوگر،ڈرگ اور لینڈ مافیاز نے پہلے انتخابات میں سرمایہ کاری کرکے اپنے لوگوں کو اقتدار دلوایا اور اب وہ قوم کا خون نچوڑرہے ہیں۔ ملک کی معیشت بیٹھ گئی ہے۔ تاجر،مزدور اور کسان بدحال ہے۔کاروبار ٹھپ ہوچکا ہے۔مہنگائی نے عام آدمی کیلئے زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے۔اس تمام صورتحال کے پیچھے یہی مافیاز ہیں جو کبھی آٹے کا اور کبھی چینی کا بحران پیدا کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے۔وزیر اعظم کہتے ہیں میں بحران پیدا کرنیوالوں کو جانتا ہوں مگر وہ کسی کانام بتانے کیلئے تیار نہیں۔وزیر اعظم بتائیں یا چھپائیں قوم ان کو جانتی اور پہچانتی ہے۔یہ لوگ وزیر اعظم کے ہی دائیں بائیں موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرا میں ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے غریب کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔آٹے اور چینی کے بحران جنوں نے نہیں انسانوں نے پیدا کئے،یہ انسانیت کے دشمن ہیں جو اپنی چند روز ہ زندگی کی عیش و عشرت کیلئے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین رہے ہیں اور خود دولت کے انبار لگارہے ہیں۔یہ کام کوئی کسان،مزدور یا رکشہ ڈرائیور نہیں بلکہ اثرو رسوخ والے وہ لوگ کررہے ہیں جنہیں حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ ان بحرانوں میں اگر اپوزیشن کا کوئی آدمی ملوث ہوتا تواب تک حوالات کی سلاخوں کو پیچھے ہوتا۔ ایف بی آر کی کارکرد گی پہلے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔ایف بی آر نے ان لوگوں پر کوڑے برسائے جو پہلے ہی ٹیکس دے رہے تھے۔شبر زیدی صاحب بھاگ گئے اور حفیظ پاشا اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔جب آئی ایم ایف کا ایجنڈا مکمل ہوجائے گا یہ بھی واپس چلے جائیں گے۔ان کا مقصد پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنا نہیں تھا یہ تو آئی ایم ایف کو دینے کیلئے عوام کا خون نچوڑ کرٹیکس اکٹھا کررہے تھے،آئی ایم ایف کو حکومت پر اعتماد نہیں تھا لہٰذا اس نے اپنے لوگوں کو لاکر بٹھا دیا۔ان لوگوں کے خاندان اور کاروبار باہر ہیں،یہ ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے حکم پر پاکستان آتے ہیں اور اپنا ہدف پورا کرنے کے بعد چلے جاتے ہیں۔ حکمرانوں نے نا صرف پاکستان کا حال تباہ کیا بلکہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی تاریکیوں کی نذر ہوگیا ہے۔ جس طرح روانڈا میں پناہ گاہیں اور لنگر خانے کھولے گئے ہیں اسی طرح پاکستان میں کھولے جارہے ہیں۔غربت،مہنگائی اور بیر وزگاری کے خاتمہ کیلئے لنگر خانے نہیں کارخانے کھولنے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔حکمرانوں میں یہ صلاحیت اور اہلیت ہی نہیں کہ وہ ملک کو کسی بہتری کی طرف لے جائیں۔اس نااہل ٹولے نے ملک کا جوحشر کردیا ہے اس کا جواب انہیں نا صرف عوام کو بلکہ یوم حشر اللہ کو بھی دینا پڑے گا۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -