نواز شریف کی مکمل رپورٹس ملنے تک حتمی فیصلہ نہیں کرسکتے، سرکاری میڈیکل بورڈ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے سرکاری میڈیکل بورڈ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر محمود ایاز کہتے ہیں کہ نامکمل رپورٹس فراہم کی جا رہی ہیں، مکمل رپورٹس کیلئے پنجاب حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر حتمی رائے دینے کیلئے سرکاری میڈیکل بورڈ تذبذب کا شکار ہے۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی جانب سے تیسری بار بھی پنجاب حکومت کو نامکمل رپورٹس بھجوائی گئیں۔نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے سرکاری میڈیکل بورڈ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کرتے ہوئے پروفیسر محمود ایاز نے پنجاب حکومت کو حتمی مراسلہ لکھ دیا ہے۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس مسلسل نامکمل فراہم کی جا رہی ہیں۔ جب تک بیرون ملک ہونے والی مکمل انویسٹی گیشن اور ٹیسٹوں کی رپورٹ فراہم نہیں ہوں گی، ہم فیصلہ نہیں کر سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پیٹ سکین، باڈی سکین، جنیٹک ٹیسٹ، بون میرو اور پلیٹ لیٹس کی تازہ رپورٹس درکار ہیں جبکہ ان کے عارضہ قلب کے ٹیسٹوں کی بھی ضرورت ہے۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کی تمام رپورٹس دیکھنے کے بعد صحت کی خرابی کے معاملے پر حتمی رائے دی جا سکتی ہے۔
میڈیکل بورڈ