کمشنر ڈیرہ کا ٹیچنگ ہسپتال میں اسامیوں کی میرٹ لسٹ مشتہر نہ کرنیکا نوٹس

  کمشنر ڈیرہ کا ٹیچنگ ہسپتال میں اسامیوں کی میرٹ لسٹ مشتہر نہ کرنیکا نوٹس

  



ڈیرہ غازیخان (نمائندہ خصوصی)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق نے ٹیچنگ ہسپتال میں آسامیوں کی میرٹ لسٹ مشتہر نہ کرنے کا نوٹس لے لیا.کمشنرنے کھلی کچہری میں شہری کی درخواست پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شاہد حسین مگسی سے جواب طلب کیا۔کمشنر نے کہا(بقیہ نمبر15صفحہ12پر)

کہ ایک روز کے اندر فارماسسٹ اور دیگر آسامیوں کی میرٹ لسٹ تین سے زائد مقامات پر آویزاں کردی جائے۔ہسپتال کے مین گیٹ،کینٹین،ایم ایس آفس کے سامنے سمیت دیگر نمایاں جگہوں پر میرٹ لسٹ آویزاں کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی آسامی پر بھرتی کی میرٹ لسٹ اسی روز عوام کیلئے مشتہر کی جائے۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈویژن میں کسی بھی آسامی پر بھرتی کیلئے میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔ چوک چورہٹہ پر لنگر خانہ کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اوربہت جلد لنگر خانہ میں غریب عوام کو عزت و تکریم کے ساتھ مفت کھانا فراہم کیا جائیگا.کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے لنگر خانہ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کہا کہ لنگر خانہ میں مقامی ثقافت کو مدنظر رکھا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے بہت جلد لنگر خانہ فنکشنل کردیا جائیگا۔کمشنر نے چوک چورہٹہ پر ماڈل سستا بازار کیلئے جگہ کی تیاری اور مانکا کینال پر شجرکاری مہم کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ جگہ ہموار کرکے چوک چورہٹہ میں ٹف ٹائلز لگائی جائے گی اور شہر بھر کے ریڑھی بانوں کو یہاں مفت جگہ دی جائے گی کمشنر نے کہا کہ مانکا کینال کے کناروں پر پودے ایک ہی لائن میں لگائے جائیں۔پودوں اور گملوں کی حفاظت کیلئے مقامی افراد کو ذمہ داری دی جائے۔ چاروں صوبوں کے سنگم پر واقع پل ڈاٹ کی ری ڈیزائننگ اور کشادگی کے منصوبہ پر عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق کی ہدایت پر دکانداروں نے عمارتوں کو خالی کردیا۔مالکان کو ایک کنال 17 مرلہ کمرشل زمین پر قائم 22 دکانوں اور تین شوروم کے 19 مالکان کو معاوضہ کی ادائیگی کی جارہی ہے۔چوک پر بھاری ٹریفک کا بہاؤ بہتر کیا جائیگا۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ پل ڈاٹ چاروں صوبوں کی ٹریفک کا جنکشن ہے۔چوک کی کشادگی کا نقشہ عوام کی آگاہی کے لئے نمایاں جگہ پر آویزاں کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پل ڈاٹ پر 40 سال سے ٹریفک کے مسائل بڑھ رہے تھے اور فورٹ منرو میں سٹیل برجز کی تعمیر سے پل ڈاٹ پربھاری گاڑیوں کی آمدورفت کئی گنا بڑھ گئی۔ ٹریفک مسائل سے نجات کیلئے چوک کی کشادگی مجبوری تھی انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ قلیل وقت میں پل ڈاٹ کی کشادگی مکمل کرائی جائے۔کمشنر نسیم صادق نے متعلقہ محکموں سے سروزسز کی فوری منتقلی کے احکامات جاری کردئیے تاکہ دوران تعمیر زیر زمین بچھائے گئے سسٹم کو فوری طور پر تبدیل اور محفوظ کیا جاسکے۔کمشنر نے متعلقہ محکموں سے این او سی طلب کرلیا۔

نوٹس

مزید : ملتان صفحہ آخر