چیف جسٹس بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنائیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

چیف جسٹس بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنائیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس آف سندھ سے اپیل کی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں 30 سالوں کے دوران تباہی وبربادی کے اسباب کی تحقیقات کے علاوہ تعمیراتی کاموں اور دیگر مد میں کھربوں روپے کی کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کیلئے عدلیہ کی نگرانی میں ایک کمیشن قائم کرکے اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔و ہ کراچی کے مختلف کاروباری اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ 30 سال میں پیپلزپارٹی، ایم کیوایم لیاری امن کمیٹی سمیت دیگر جماعتوں کی سیاسی ایما پر کراچی، حیدرآباد میں نااہل افسران کو لگایا گیا ہے جبکہ ان جماعتوں کے عہدیداروں، وزراء اور اراکین اسمبلی نے خود بھی کراچی کی قیمتی اراضی پر قبضے کئے، چائنا کٹنگ کیں اور تعمیروترقی کے نام پر نہ صرف کراچی بلکہ ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان احتساب کے نعرے پر ملک کے وزیر اعظم بنے تھے لیکن ان کا احتساب کہیں نظر نہیں آرہا، مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کے کرپٹ اور لٹیروں کو گرفتار کیا گیا تھا ان میں سے بیشتر بری ہوچکے ہیں اور جو باقی ہیں ان کی بھی ضمانتیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے عوام میں انتہائی مایوسی ہے وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اُن کا کیا جرم ہے کہ ہر بار حکمران ان ہی کو دھوکہ دیتے ہیں، انہیں ہی سہانے خواب دکھائے جاتے ہیں اور پھر ان خواب کی اتنی بھیانک تعبیر نکلتی ہے کہ اب عوام صحیح بات پر بھی اعتبار کرنے کو تیا رنہیں۔ انہوں نے کہاکہ غریب عوام کے ٹیکسوں کی مد میں وصول کی جانے والی رقم اربوں روپے کی رقم لوٹنے والے آج بھی معزز اور باعزت ہیں اور عوام بھوک و بدحالی سے دوچار ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر