گھوسٹ ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جام اکرام اللہ دھاریجو

گھوسٹ ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جام اکرام اللہ دھاریجو

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں کسی بھی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام ملازمین کو اپنی ذمہ داری دیانتداری سے نبھانی ہوگی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رجسٹرار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ سہیل بلوچ، جوائنٹ رجسٹرار امام الدین کھلوڑو اور ایم ڈی کوآپریٹو اتھارٹی اعجاز کھتری بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے دفتر میں نصب بائیو میٹرک مشین کا افتتاح بھی کیا اور متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ملازمین کی حاضری اور باقاعدگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی سست رویہ کو برداشت نہیں کریں گے۔اپنے دورے کے دوران انھیں بتایا گیا کہ خط و کتابت کا صحیح ریکارڈ برقرار رکھنے کے لئے ایک اسکینر بھی رکھا ہوا ہے۔ سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ تمام سرکاری معاملات میں شفافیت برقرار رکھنی چاہئے اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے معاملات پر بھی مستقل بنیادوں پر نگرانی کی جانی چاہئے'۔ انہوں نے کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹیوں میں انتخابات جلد از جلد کرانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے نو اسسٹنٹ رجسٹرار کو کوآپریٹیو ایکٹ اور قواعد سے متعلق دس روزہ ریفریشر کورس مکمل کرنے والے پر اسناد دیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ اسٹنٹ رجسٹرار سندھ پبلک سروس کمیشن امتحانات پاس کرنے کے بعد کوآپریٹو محکمے میں جوائنگ دی تھی اور ان کی تربیت کے یہ ریفریشر کورس منعقد کیا گیا تھا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر