پنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیشی ٹیم 233رنز پر ڈھیر، شاہین آفریدی کے 4شکار

پنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیشی ٹیم 233رنز پر ڈھیر، شاہین آفریدی کے 4شکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز شاہین شاہ کی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے مہمان ٹیم82.5اوورز میں 233رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے محمد مٹھن63، نجم الحسن44،لٹن داس33،کپتان مومن الحق 30 اور محمد اللہ25رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد عباس، حارث سہیل نے 2،2جبکہ نسیم شاہ ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز(آج)ہفتہ کو پاکستان اپنی پہلی اننگز کا آغاز کریگا۔جمعہ کوراولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ پہلے ہی اوور میں سیف حسن صفر کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔سیف حسن کے بعد تمیم اقبال دوسرے اوور میں 5گیندوں پر صرف 3رنز بنا کر محمد عباس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔دونوں اوپنرز کے پویلین لوٹنے کے بعد مومن الحق 62کے مجموعی اسکور پر 30رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔جس کے بعد نجم الحسین شانتو وکٹ پر کچھ دیر ٹھہرنے میں کامیاب ہوئے تاہم 44رنز بنانے کے بعد 95کے مجموعی اسکور پر محمد عباس کے کیچ آوٹ کا شکار ہوگئے اور پھر محمود اللہ 107کے اسکور پر شاہین آفریدی کے گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔حمد مٹھن اور لٹن داس نے بھی مزاحمتی اننگز کھیلی اور کچھوے کی طرح چال چلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان ففٹی رنز کی بھی پارٹنر شپ بنی۔ لٹن داس 46گیندوں پر 33رنز بنا کر پارٹ ٹائم فاسٹ باولر حارث سہیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔تیج الاسلام اور محمد مٹھن کے درمیان بھی ففٹی رنز کی شراکت داری بنی، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، تاہم تیج الاسلام حارث سہیل کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 72گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24رنز کی اننگز کھیلی۔ روبیل حسین ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔82.5اوورز میں 233کے مجموعی سکور پر فاسٹ باولر نسیم شاہ نے مزاحمتی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین محمد مٹھن کو پویلین بھیجا، مہمان بیٹسمین نے 140گیندوں پر 63رنز کی باری کھیلی، وکٹ کے عقب میں محمد رضوان نے انکاکیچ تھاما۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد عباس، حارث سہیل نے 2،2جبکہ نسیم شاہ ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز(آج)ہفتہ کو پاکستان اپنی پہلی اننگز کا آغاز کریگا۔