عدالت میں اب تک مجھے وضاحت دینے کا موقع نہیں ملا،سعید غنی

عدالت میں اب تک مجھے وضاحت دینے کا موقع نہیں ملا،سعید غنی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ توہین عدالت کے معاملے پر عدالت جب بلائے گی میں پیش ہوگا، تاہم اب تک مجھے وضاحت دینے کا موقع نہیں ملا ہے۔جمعہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عدالت ان تمام لوگوں کو بلاکر پوچھیں جو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے درست کہا ہے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات میں ادارے اور ان کے افسران ملوث ہیں، اس بات کو سب ہی تسلیم کر رہے ہیں کہ اداروں نے اپنا کام درست انداز میں نہیں کیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ یہ گزشتہ سالوں کا مسئلہ نہیں کئی سالوں سے شہر میں غیر قانونی تعمیرات ہوئی، غیر قانونی تعمیرات پر غیر جانبدار افراد پر مشتمل کمیٹی بنائی جاتی ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بہت سے اچھے کام بھی کیے ہیں لیکن اسے نظر انداز کردیا جاتا ہے۔چنیسر گوٹھ میں تجاوزات کے معاملے پر پی پی رہنما سعید غنی نے اپنا موقف بدلتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں مل کر آبادی کو نہ صرف وہاں سے ہٹانا ہے بلکہ ان کی آباد کاری کے لئے بھی انتظام کرنا ہے۔

مزید : صفحہ اول